واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات جاری ہیں، تاہم امریکی بحری بیڑا بھی ایران کی سمت روانہ ہو چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی صنعتوں کے لیے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کیا جا رہا ہے، جس میں امریکی بینک تقریباً 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ رکوانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور اب تک دنیا میں آٹھ جنگوں کو ختم کرانے میں کردار ادا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے مثبت پیش رفت کے لیے پُرامید ہیں، کیونکہ اس تنازع کے باعث ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کے درمیان شدید نفرت افسوسناک ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ سخت اقدامات کے بعد ہی وینزویلا کی قیادت کا رویہ بدلا ہے۔
ایران سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی بحری بیڑا ایران کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ مذاکرات بھی جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیو وٹکوف جمعہ کو ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جس میں کسی معاہدے کی امید ہے، تاہم اگر بات نہ بنی تو حالات بگڑ سکتے ہیں۔