کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیموں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 29 جنوری 2026 کو ضلع ہرنائی اور پنجگور میں کی گئیں۔ ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دسمبر 2025 میں پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد ماضی میں متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ علاقے میں کسی بھی مزید دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے ویژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دونوں آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائیوں کو امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔