عوامی رائے، آئینی حقوق اور اتحادِ امت کا احترام ناگزیر ہے، راجہ ناصر عباس جعفری

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر سینیٹ اور چیئرمین راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عوامی رائے، آئینی حقوق اور اتحادِ امت کا احترام ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام تمام مسلمانوں کا مشترکہ ورثہ ہے اور امام حسینؑ اور اہلِ بیتؑ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عزاداری کے اجتماعات کے لیے سازگار ماحول اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے۔

راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم سے قبل متعدد مذہبی و سماجی شخصیات کو شیڈول فور میں شامل کیے جانے اور ان پر پابندیاں عائد کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیات کے خلاف کارروائیاں قابلِ افسوس ہیں جو ہمیشہ امن، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار دیواری کے اندر مجالس کے انعقاد کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں اور اس حوالے سے عدالت کا واضح فیصلہ موجود ہے، تاہم اس کے باوجود مجالس کے منتظمین اور بانیان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جو آئینی اور مذہبی آزادیوں کے منافی ہے۔

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پاکستان دشمن عناصر فرقہ واریت اور نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم باشعور پاکستانی عوام ایسے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اتحادِ امت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں عوامی مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا جا رہا۔ ان کے بقول اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے منظم ردعمل دینے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔

راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوامی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو عوام میں بے چینی اور بداعتمادی کو فروغ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے