امریکا اور ایران معاہدے میں 300 ارب ڈالر کے نجی سرمایہ کاری فنڈ کی شمولیت کا انکشاف

واشنگٹن/تہران: برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں 300 ارب ڈالر کے ایک بڑے نجی سرمایہ کاری فنڈ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایران میں 150 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی یقین دہانی پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ فنڈ کا مقصد ایران کے توانائی، لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، جس سے ایرانی معیشت کو نئی زندگی ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق معاہدے کے بعد ایران کو تیل اور ایندھن کی فروخت اور برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے، جس سے عالمی توانائی منڈیوں میں بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندیوں میں متوقع نرمی بینکاری، ٹرانسپورٹ اور انشورنس خدمات تک بھی توسیع پائے گی، جس سے ایرانی کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق ایران تیل اور ایندھن کی فروخت فوری طور پر بحال کرنے کی پوزیشن میں ہوگا، تاہم یہ تمام سہولتیں ایران کی جانب سے معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہوں گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ مکمل طور پر نافذ ہو جاتا ہے تو یہ نہ صرف ایران کی معیشت بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے