مظفر آباد: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے کالعدم تنظیم "جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی” (JAAC) سے تعلق رکھنے والے چار انتہائی مطلوب اور روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک کروڑ روپے (10 ملین روپے) انعام مقرر کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ انعامی رقم پولیس رولز 1934 کے چیپٹر XV کے پیرا 15.18 کے تحت منظور کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی شخص کو یہ رقم دی جائے گی جو مذکورہ ملزمان کی گرفتاری میں مددگار ثابت ہونے والی ٹھوس اور خفیہ معلومات پولیس یا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کرے گا۔
حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے فرد کی شناخت اور نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور اس حوالے سے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں جن چار مطلوب ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، ان میں شوکت نواز میر ولد حبیب اللہ میر، ساکن بینک روڈ مظفر آباد، شناختی کارڈ نمبر 3-0701612-82203، عمر نذیر کشمیری ولد محمد نذیر خان، ساکن پوتھی مکو آلاں ضلع پونچھ، شناختی کارڈ نمبر 5-7748527-82303، خواجہ مہران ارشد ولد خواجہ ارشد، ساکن ڈڈیال ضلع میرپور، شناختی کارڈ نمبر 3-4552826-81301، اور سردار امان خان ولد محمد ادریس، ساکن گورہ پلاندری ضلع سدھنوتی، شناختی کارڈ نمبر 5-5466333-42301 شامل ہیں۔
محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن کی نقول انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) آزاد کشمیر، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہیں تاکہ مطلوب افراد کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، مظفر آباد کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔