امریکی نائب صدر کی آمد: اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے متوقع دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آج فوجی کارگو طیارے کی لینڈنگ کے بعد تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

اطلاعات کے مطابق نائب صدر کے لیے ساٹھ گاڑیوں پر مشتمل ایک خصوصی قافلہ ترتیب دیا گیا ہے، جسے انتہائی محفوظ اور جدید دفاعی نظام سے لیس کیا گیا ہے۔

اس قافلے میں بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں جو کسی بھی ممکنہ حملے یا خطرے سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید برقی نظام کے ذریعے ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو کسی بھی قسم کے ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز مواد کے سگنلز کو ناکارہ بنا سکتے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات کے تحت قافلے کے ہمراہ ایک موبائل طبی یونٹ بھی موجود ہوگا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے، جبکہ اضافی عملے اور مشیروں کے لیے خصوصی بڑی گاڑیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا ایک تربیت یافتہ دستہ بھی اس قافلے کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہے گا، جو زمین اور فضا دونوں سطحوں پر نگرانی کو یقینی بنائے گا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اہم شاہراہوں پر خصوصی چیکنگ کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے