پاک افغان بارڈر سے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان: پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔

یہ معلومات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں فراہم کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی حرکت کا پتہ چلانے کے بعد بروقت اور مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 8 بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس موقع پر افغان طالبان رجیم کی سرحدی نگرانی میں ناکامی پر بھی تنقید کی اور زور دیا کہ افغان حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور دہشت گردوں کو اپنے علاقے میں کارروائی کی اجازت نہ دیں۔

پاک فوج نے اس آپریشن کو عزم استحکام کے تحت جاری رہنے والے جنگِ دہشت گردی کے سلسلے میں ایک کامیاب قدم قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ پوری قوم غیر متزلزل عزم کے ساتھ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے