تہران (خصوصی رپورٹ) امریکی نشریاتی ادارے CNN کے ایک نمائندے نے تہران سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور روزمرہ زندگی بلا تعطل جاری ہے۔
رپورٹر کے مطابق وہ کئی گھنٹوں سے ایران کے مختلف علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم کہیں بھی خوف و ہراس یا افراتفری کے آثار نظر نہیں آئے۔
رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں دکانیں معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں، بازاروں میں خرید و فروخت جاری ہے اور شہری اپنی روزمرہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ گیس اسٹیشنوں پر بھی کوئی غیر معمولی رش دیکھنے میں نہیں آیا جبکہ سبزی منڈیوں اور مارکیٹوں میں تازہ سبزیاں اور پھل باآسانی دستیاب ہیں۔
رپورٹر نے بتایا کہ مجموعی طور پر شہروں میں زندگی کا معمول متاثر نہیں ہوا اور عوام کے درمیان کسی قسم کی گھبراہٹ یا Panic دکھائی نہیں دیا۔
سی این این کے نمائندے کے مطابق ایران کی سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور شہری عام دنوں کی طرح اپنی مصروفیات میں لگے ہوئے ہیں۔
اس صورتحال نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ شہر میں کسی بڑے بحران یا ہنگامی کیفیت کے باعث روزمرہ زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں صورتحال مختلف ہے، جہاں میڈیا کی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام بعض مواقع پر غیر ملکی میڈیا نمائندوں کو حراست میں بھی لے رہے ہیں، جن میں CNN ترک کے رپورٹرز بھی شامل ہیں۔