تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
ایرانی خبر رساں ادارے اسلامی جمہوریہ ایران نیوز ایجنسی (IRNA) کے مطابق سید عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقدس مہینہ رمضان، جو صبر و ضبط اور عالم اسلام میں اتحاد کو مضبوط بنانے کا مہینہ ہے، اس بات کا متقاضی ہے کہ افغانستان اور پاکستان موجودہ اختلافات کو حسن ہمسائیگی کے اصولوں کے تحت اور بات چیت کے ذریعے سنبھالیں اور حل کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ کشیدگی میں کمی لاتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دونوں ممالک کے درمیان مکالمے کو آسان بنانے، باہمی افہام و تفہیم بڑھانے اور تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔