لاہور: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) کی طالبہ سبل سہیل نے اسلام آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل ماسٹرز ویٹ لفٹنگ مقابلوں 2026 میں دو طلائی تمغے جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کرلی، جس پر جامعہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن سے تعلق رکھنے والی سبل سہیل نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کیے اور جامعہ سمیت پاکستان کا نام روشن کیا۔
سبل سہیل کی اس کامیابی پر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
سبل سہیل کی کامیابی کو جامعہ کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی یہ کامیابی نوجوان طالبات کے لیے کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزا مثال ہے۔
کھیلوں کے میدان میں طالبات کی بڑھتی ہوئی کامیابیاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ مناسب مواقع اور محنت کے ذریعے پاکستانی خواتین عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔