برلن: صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں جرمن وزارت دفاع میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
صدر آصف علی زرداری کی جرمن وزارت دفاع آمد پر جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرنے والی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری جرمن صدر کی دعوت پر جرمنی کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ 23 سال کے دوران کسی پاکستانی سربراہ مملکت کا یہ جرمنی کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور جرمنی رواں سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد کے ہمراہ جرمن صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ صدر مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔