عدن: یمن کے صوبے شبوا میں العلم فوجی کیمپ پر تین بیلسٹک میزائل حملوں کے نتیجے میں 53 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
حملوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شبوا میں واقع العلم فوجی کیمپ میں یمنی حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز تعینات ہیں، جہاں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے دعویٰ کیا کہ انصار اللہ نے مرکزی تربیتی کیمپ پر تین بیلسٹک میزائل داغے۔
ابتدائی اطلاعات میں 30 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 53 اور زخمیوں کی تعداد 200 سے زیادہ بتائی۔ بعض دیگر ذرائع نے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔