فیلڈ مارشل کی انڈونیشیا کے وزیردفاع سے ملاقات

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے تربیتی اشتراک اور دفاعی صنعت میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے پاک افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط اور دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

ملاقات کو پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے