کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خودکش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے پشین کے ایک مخصوص علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے عناصر متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔