ہیوسٹن (نمائندہ خصوصی) فورٹ بینڈ کاؤنٹی میں کمشنر کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹ امیدوار ہارون مغل نے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ہیوسٹن میں ایک بڑی اور بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہارون مغل کے حامیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہارون مغل نے کہا کہ انہیں ہیوسٹن میں مقیم ہوئے ایک دہائی سے زائد عرصہ ہو چکا ہے اور اس دوران وہ مسلسل سماجی اور سیاسی سرگرمیوں میں متحرک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ ہمیشہ پاکستانی نژاد امیدواروں کی انتخابی مہمات میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے، تاہم عوام کی حوصلہ افزائی اور بھرپور پذیرائی نے انہیں خود انتخابی میدان میں اترنے کا حوصلہ دیا۔
ہارون مغل نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان پر اعتماد کریں اور اپنی قیمتی ووٹ کے ذریعے انہیں کامیاب کرائیں تاکہ وہ فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے عوام کی خدمت کر سکیں اور مقامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بن سکیں۔
تقریب کے دوران کئی معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے ہارون مغل کی سماجی خدمات اور کمیونٹی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ مقررین نے کمشنر پریسنکٹ 4 کے عہدے کے لیے ہارون مغل کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ان کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔