پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ضروری وسائل مہیا کیے جائیں گے۔
پشاور میں قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل اور قبائلی مشران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قبائلی عمائدین نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے گہرے زخم برداشت کیے، لیکن پاکستان سے اپنی وابستگی میں کبھی کمی نہیں آنے دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر قبائلی اضلاع میں امن قائم ہوتا تو شاید ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہ آتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے اور سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔