روسی میزائل اور ڈرون حملے، یوکرین میں 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی، حرارت اور پانی سے محروم

کیف: روس کے میزائلوں اور ڈرونز نے یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی، حرارت اور پانی کی سہولت سے محروم ہوگئے، جبکہ مختلف علاقوں میں جانی نقصان اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روسی افواج نے بیلسٹک میزائلوں اور جیٹ انجن والے ڈرونز کے ذریعے توانائی کی تنصیبات پر حملے کیے۔

ان حملوں کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا اور متعدد علاقوں میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔

زیلنسکی کے مطابق روسی حملوں میں 28 بجلی کی تقسیم اور ترسیل کی تنصیبات سمیت توانائی کے اہم مراکز کو نقصان پہنچا۔ یوکرینی حکام نے بتایا کہ کیف اور اس کے گردونواح میں بھی میزائل حملے کیے گئے، جن میں ایک 21 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔

یوکرینی صدر نے یہ بھی کہا کہ حملوں کی پہلی لہر سے قبل یوکرین کو اپنے شراکت دار ممالک کی جانب سے پیشگی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ دوسری لہر سے متعلق معلومات بھی اتنی تاخیر سے ملیں کہ فضائی حملے کے انتباہی نظام کو بروقت فعال کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کے حملوں میں فوجی رسد، ڈرون اور کروز میزائلوں کے پرزے تیار کرنے والی تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی کارروائیاں جاری ہیں۔ زیلنسکی نے خبردار کیا کہ موسمِ سرما کی آمد سے قبل توانائی کے نظام پر مسلسل حملے شہریوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے