نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو خلا کا سفر کرے گا۔ اس اہم پیش رفت میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دوست ملک چین پاکستان کے خلا باز کو خلا میں بھیجنے کے منصوبے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی سیاروں کی ٹیکنالوجی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے انتہائی اہم ہوچکی ہے اور ملکی قومی سلامتی کا نظام بھی اس ٹیکنالوجی سے منسلک ہے۔ دنیا میں اب چاند کی تحقیق سے آگے بڑھ کر مریخ پر انسانی بستیاں قائم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
احسن اقبال نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے تحقیق کے میدان میں پیش رفت نہ کی تو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں میں سوال کرنے، نئی چیزیں جاننے اور ان کے جواب تلاش کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علم اور تحقیق کے میدان میں وہ قیادت دوبارہ حاصل کرنا ہوگی جو کبھی اس کی شناخت تھی۔
وفاقی وزیر کے مطابق نارووال یونیورسٹی نے اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی میں جدید ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے علوم کے مرکز کی تعمیر اسی سال شروع کی جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ گزشتہ حکومت کے دور میں فائلوں تک محدود رہا تھا۔ انہوں نے نارووال یونیورسٹی میں پاکستان کا پہلا خلائی عجائب گھر قائم کرنے کے لیے وسائل کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔