جدہ: سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پر اچانک پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی، جس کے باعث مختلف ممالک سے آنے والے متعدد طیارے لینڈنگ کی اجازت کے انتظار میں فضا میں چکر لگاتے رہے۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق آپریشن کی عارضی بندش کے تقریباً 45 منٹ بعد ایوی ایشن حکام نے فضا میں موجود 30 پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ ایئرپورٹ پر آپریشن بحال ہونے کے بعد متعدد طیاروں نے لینڈنگ کے لیے اپروچ شروع کردی۔
پروازوں کی آمدورفت معطل ہونے کے باعث دوحہ، بحرین، کوالالمپور، القسیم، دبئی، روم، قاہرہ، استنبول، تبوک، ایمسٹرڈم اور میونخ سمیت مختلف شہروں سے جدہ آنے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔
اسی طرح کراچی، لاہور، دہلی، ڈھاکا، جکارتہ، مالے، دمام، فرینکفرٹ، الجزائر، سکاکا اور خرطوم سے آنے والے طیارے بھی لینڈنگ کی اجازت ملنے تک فضا میں چکر لگاتے رہے۔
تاحال پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کیے جانے کی وجہ سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔