اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہ معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے سعودی سفیر کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔