ریاض: عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں 1000 گولز مکمل کرنے کے تاریخی سنگ میل کے قریب پہنچ گئے، ان کے کیریئر میں گولز کی مجموعی تعداد 980 ہوگئی ہے۔
سعودی پرو لیگ میں النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے رونالڈو نے الدریعیہ کے خلاف ایک گول اسکور کیا، جس کی بدولت النصر نے مقابلہ 0-3 سے جیت لیا۔
رونالڈو اب اپنے کیریئر کے 1000 گولز مکمل کرنے سے صرف 20 گول دور ہیں۔ یہ سنگ میل عبور کرنے کی صورت میں وہ پیشہ ورانہ فٹبال کی تاریخ میں ایک نمایاں مقام حاصل کرلیں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، یووینٹس اور النصر جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کی، جبکہ پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے بھی متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
رونالڈو کے مداحوں کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ وہ اپنے کیریئر کے 1000 گولز کا تاریخی ہدف کب مکمل کرتے ہیں۔