تہران: آبنائے ہرمز کے قریب بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد خام تیل لے جانے والے ایک بڑے جہاز میں زوردار دھماکا ہوا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز ایک ممنوعہ علاقے سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ واقعہ ایک ایسے علاقے میں پیش آیا جسے پہلے ہی خطرناک قرار دیا جا چکا تھا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ جہاز کے رہنمائی اور محلِ وقوع کی نشاندہی کرنے والے نظام بند تھے، جبکہ بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔
ایرانی بیان کے مطابق جہاز میں بھڑکنے والے شعلے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
تاہم، جہاز کی شناخت، عملے کی صورتِ حال، ممکنہ جانی نقصان اور واقعے کی آزادانہ تصدیق سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔