اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان کا دورہ مکمل، مسئلہ کشمیر اور بھارتی آبی اقدامات اجاگر

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ وہ 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرتے رہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے سے بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

انتونیو گوتریس نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جہاں صدر نے عالمی امن اور ترقی کے لیے خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو نشانِ امتیاز عطا کیا۔

7 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات، خصوصاً امن مشنز میں نمایاں کردار اور مذاکرات، ثالثی اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کی، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہ کے نظام میں پاکستان کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

7 اکتوبر کو انتونیو گوتریس نے فارن سروس اکیڈمی میں ’بدلتی دنیا میں کثیرالجہتی نظام کا استحکام، جغرافیائی سیاست اور اقوام متحدہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب بھی کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی سخاوت، ثابت قدمی اور یکجہتی کو سراہا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کے اعادے، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور کثیرالجہتی نظام و اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کی توثیق کا اہم موقع ثابت ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے