لکی مروت: پاکستان تحریک انصاف کی کال پر خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں گنڈی چوک سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، جہاں لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے علاوہ بلوچستان سے بھی پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں کے قافلے گنڈی چوک کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سہیل آفریدی کا کنٹینر بھی گنڈی چوک پہنچ گیا ہے، جبکہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مزید قافلوں کی آمد متوقع ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے چار اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں ہفتے کی شب دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی۔
دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے اپنے اپنے علاقوں سے روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
گنڈی چوک اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سگنلز کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث وہاں موجود افراد کو ایک دوسرے سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ گنڈی چوک اور اطراف میں سیاسی سرگرمیوں کے باعث صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔