اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مشکلات آئیں گی لیکن مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، ایک بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو مذاکرات نہیں چاہتا، تاہم مذاکرات کا سلسلہ کسی صورت نہیں ٹوٹنا چاہیے۔
فواد چودھری نے کہا کہ میری رائے میں بانی پی ٹی آئی سے موجودہ قیادت کے بجائے سینئر رہنماؤں کی ملاقات کرائی جانی چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی سے ایسے لوگوں کو ملنا چاہیے جو ان کے ساتھ فرینک ہوں اور کھل کر بات کر سکیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کاؤنٹر آرگومنٹ نہیں کر سکیں گے۔ ان کے مطابق حکومت میں بھی دو گروپ موجود ہیں، ایک گروپ مذاکرات کا حامی ہے جبکہ دوسرا مذاکرات نہیں چاہتا۔
فواد چودھری نے کہا کہ محسن نقوی کا کردار بہت مثبت ہے اور مذاکرات کے حوالے سے بھی انہوں نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے سازگار ماحول بنایا جائے۔ پہلے کارکنوں کی رہائی اور اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے، ان اقدامات سے ماحول بہتر ہو سکتا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے اور مذاکرات کے عمل کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔