بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف علاقوں میں کیے گئے آپریشنز کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شابان، کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی، جس کے دوران اب تک 33 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کر دیے۔

کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نوشکی اور مند میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ وسیع علاقوں کو دہشتگردوں سے کلیئر کرایا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شابان اور دیگر علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں سے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہے گی، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے