لندن: برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال اہم فوجی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پولیس نے ’’بڑے واقعے‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے متعدد افراد کو دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم کے شبہے میں گرفتار کرلیا۔
گلوچسٹر شائر پولیس کے مطابق گرفتاریاں دھماکا خیز مواد سے متعلق قانون کے تحت کی گئیں، جس کے بعد قریبی علاقے ویل فورڈ میں متعدد گھروں کو خالی کرا لیا گیا۔
برطانوی فوج کی خصوصی بم ڈسپوزل ٹیم نے علاقے میں موجود کئی گاڑیوں کی تلاشی اور معائنہ شروع کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔
واقعے کے بعد آر اے ایف فیئر فورڈ کے مرکزی دروازے پر مسلح پولیس تعینات کردی گئی جبکہ پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سمیت تقریباً 30 ہنگامی گاڑیاں علاقے میں موجود رہیں۔ انسداد دہشت گردی پولیس بھی تحقیقات کی قیادت کر رہی ہے۔
آر اے ایف فیئر فورڈ برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے اہم مراکز میں شمار ہوتا ہے اور یہاں امریکی بی-1 بی لانسر اور بی-52 جیسے بمبار طیارے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
حالیہ ایران جنگ کے دوران بھی امریکی فورسز نے اس اڈے سے ایران کے میزائل اہداف کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ تاہم برطانوی حکام نے گرفتار افراد اور فوجی اڈے کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں کی۔
امریکی فضائیہ نے واقعے کے حوالے سے مخصوص حفاظتی اقدامات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں موجود امریکی یونٹس اپنے اہلکاروں، شہریوں، ٹھیکیداروں اور ان کے خاندانوں کی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔