این اے 168 میں ضمنی انتخاب آج، 20 امیدوار آمنے سامنے

بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ آج ہوگا، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

این اے 168 کی نشست مسلم لیگ ن کے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ امیدوار ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ کے بیٹے ولی داد چیمہ بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔

حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 130 مردوں اور 130 خواتین کے لیے جبکہ 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی بھی بطور ریزرو موجود رہے گی۔

این اے 168 کی مجموعی آبادی 9 لاکھ 37 ہزار 95 افراد پر مشتمل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے