مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش ناقابل قبول، حرمین شریفین کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیسویں اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پُرعزم کردار کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حالیہ افسوس ناک حملوں کی پاکستان ایک بار پھر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے۔ حرمین شریفین کے امن، سلامتی اور تقدس کے لیے کسی بھی قسم کا خطرہ ایسی سرخ لکیر ہے جسے کسی صورت عبور نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان ایسے گھناؤنے اقدام کا تصور تک نہیں کر سکتا، پاکستان اپنی تاریخ کی طرح آج بھی اپنے برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کی پُرعزم وابستگی مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے سے بھی عیاں ہوتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے کے دفاع، سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اجتماعی عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے