اسحاق ڈار کی بحرین اور سنگاپور کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بحرین اور سنگاپور کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور آئندہ ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ بحرینی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ و کثیرالجہتی سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دوسری ملاقات میں اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلسل رابطے اور اعلیٰ سطحی تبادلے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ نے علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے