مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو 32 ووٹ دے کر آزاد کشمیر کا 23واں صدر منتخب کر لیا، ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔
46 رکنی ایوان میں اسپیکر چودھری طارق فاروق نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی چودھری قاسم مجید کی عدم موجودگی کے باعث ان کا ووٹ شمار نہیں کیا گیا۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا انتخاب نئی منتخب حکومت کے قیام کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کے عمل کی تکمیل بھی ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے، جبکہ چودھری طارق فاروق نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا منصب سنبھالا تھا۔
صدارتی انتخاب کے لیے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور چودھری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے صدر منتخب ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں صدر کے عہدے پر نئی مدت کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے، ان کے صدر منتخب ہونے سے ریاستی حکومت کے اہم آئینی عہدوں میں پونچھ ڈویژن کو نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔
صدارتی انتخاب کے بعد راولاکوٹ اور سدھنوتی کی سات نشستوں پر ہونے والے آئندہ انتخابات بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔