لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی کامیاب نہ ہو سکا، تاہم حکومتی وفد نے جماعت اسلامی سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں حکومتی وفد نے لاہور میں جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کی۔ حکومتی وفد نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی اور جلد عوام کو غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی۔
حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو بتایا کہ حکومت کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے دباؤ کا سامنا ہے جبکہ ادارے کے وفد کی جلد پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔
مذاکرات کے بعد جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبات پر عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر احتجاج اور لانگ مارچ ضرور کیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں سپر لانگ مارچ کراچی سے شروع ہوگا۔