دہشت گردوں کی فنڈنگ بھارت کر رہا ہے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد خودکش حملے کی مکمل منصوبہ بندی داعش نے افغانستان میں کی تھی اور اس حملے کا ماسٹر مائنڈ پاکستانی فورسز کی حراست میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ بھارت کر رہا ہے اور بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے اپنا بجٹ تین گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اور پشاور میں چار سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کی پولیس نے چھاپوں میں مدد فراہم کی۔ چھاپوں کے دوران ایک اہلکار شہید اور چند زخمی بھی ہوئے۔

وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ کمیونٹی کی انٹیلی جنس میں تعاون کریں اور خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف افغانستان سے 21 دہشت گرد تنظیمیں آپریٹ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو نشانے بھارت دیتا ہے اور فنڈنگ بھی بھارت کی طرف سے کی جاتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے حملے میں دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی گئی اور بی ایل اے کی ویڈیوز بھارتی میڈیا پر نشر ہوتی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن دشمن ہے اور دہشت گردوں کو کسی کیٹیگری میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ سکیورٹی اداروں کو درکار وسائل فراہم کرنے میں مشکلات ہیں، اسلام آباد میں 93 داخلی راستے ہیں اور ریڈ زون میں پولیس کی 80 فیصد نفری کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف بھی اقدامات کی دھمکی دی جو دہشت گرد استعمال کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے