مستونگ : کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 مسافر شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 مسافر شہید جبکہ 3 دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں انعام الحق، سید طارق نیاز اور لیاقت خان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نجم ثاقب، عبدالحنان اور عبدالولی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں پیش آیا تاہم واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل بلوچستان کے اضلاع قلات اور سوراب میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسلح افراد نے مسافر بسوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
فائرنگ کے ان دو مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا بڑا واقعہ ضلع قلات کی تحصیل منگوچر کے قریب "گرو” کے علاقے میں پیش آیا ، جہاں یہاں گھات لگائے مسلح ملزمان نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔
مسلح حملہ آور واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، بعد ازاں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے شیخ زید اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوراب کے مقام پر کوئٹہ سے تربت جانے والی ایک اور مسافر کوچ کو نشانہ بنایا گیا تھا ، اس حملے کے نتیجے میں بس میں سوار ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں واقعات کے بعد قومی شاہراہ پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔