ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی دفاعی تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکرز کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین کے علاقے محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ رفاع میں نصب پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم بھی مربوط میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں "آئندہ بڑے پیمانے پر آپریشنز کی راہ ہموار کرنے” کے لیے کی گئی ہیں اور "جارحیت کرنے والوں کو سزا دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔”

ایرانی بیان میں مزید کہا گیا کہ چند گھنٹے قبل آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکرز حملے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے اور انہیں اپنا سفر روکنا پڑا۔

پاسدارانِ انقلاب نے الزام عائد کیا کہ امریکی فوج نے ان جہازوں کو "غیر محفوظ راستہ” اختیار کرنے پر گمراہ کیا۔

دوسری جانب IRGC نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر موجود ابتدائی انتباہی ریڈار، میزائل دفاعی ریڈار، ایف پی ایس-117 ریڈار، پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم اور سیٹلائٹ مواصلاتی نظام کو بھی کامیاب حملوں میں تباہ کر دیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملے آئندہ "زیادہ فیصلہ کن اور زیادہ تباہ کن” میزائل اور ڈرون کارروائیوں کی تیاری کا حصہ ہیں۔

امریکہ، بحرین اور کویت کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے