آپریشن شعبان، زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری، پانچ جولائی سے جاری آپریشنز میں 79 خارجی جہنم واصل

 بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کُن کارروائیاں  جاری ہیں  جبکہ  آپریشن شعبان میں 24گھنٹے کے دوران مزید 17 خارجی جہنم واصل کر دیئے گئے،   پانچ جولائی سے جاری مختلف آپریشنز میں 79 امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جا چکا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کے مطابق بلوچستان میں منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشتگردانہ حملے کے بعد پاک فوج ، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا "آپریشن شعبان” جاری ہے ، جس میں فتنہ الخوارج کیخلاف زمینی اور فضائی کارروائی کی جارہی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے ، آپریشن شعبان میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 43 ہو گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 6 اور 7 جولائی کو بھی سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر چکی تھیں۔ آپریشن شعبان کے ذریعے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیاہے ۔ خضدار کے علاقے زیدی میں دہشتگردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ بھی پسپا کر دیا گیا۔ فوج اور ایف سی  کی برق رفتار کارروائی میں 8  دہشتگردوں کے جہنم واصل ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں،  جبکہ 5 سے 6 دہشتگرد ہیلی کاپٹر آپریشنز میں بھی مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پانچ جولائی سے جاری آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 79 دہشت گرد جہنم واصل کیے جا چکے  ہیں۔امن دشمنوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 79 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں  آپریشن ، فورسز کی حکمت عملی قابل ستائش ہے،خضدار میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حملہ ناکام  کرنے پر پاک فوج اور ایف سی کے دستوں کی کارروائی کو سراہتے ہیں، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسزکے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی،ملک سے دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے، بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی،پوری قوم اپنی بہادر افواج اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

سرفراز بگٹی نے پیغام میں کہا کہ مانگی ڈیم حملے کے بعد آپریشن شعبان کے دوران  43 دہشت گرد ہلاک ہوئے،5 جولائی سے جاری آپریشنز میں 79دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زہری پولیس اسٹیشن پردہشت گرد حملہ بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا، بلوچستان میں ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی، دہشت گردوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی گئی ہے،  دہشت گرد اپنے منطقی انجام سے نہیں بچ سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے