پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے 24 گھنٹوں میں دوسرے کامیاب ریسکیو آپریشن میں اورماڑہ کے قریب ڈوبنے والی کارگو کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کو بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی "الحمد ان یعقوب” نامی کارگو کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت بچا لیا۔
کشتی اورماڑہ سے 32 ناٹیکل میل جنوب میں حادثے کا شکار ہوئی، جس کے بعد مشترکہ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کی اطلاع پر پی این ایس حنین، پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹر اور پی ایم ایس اے کے ڈیفنڈر جہاز نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام افراد کو بحفاظت نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بروقت اور مؤثر کارروائی نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ایک بار پھر مظاہرہ کیا۔