امریکی فضائی حملوں کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر میزائل داغ دیئے۔
ترجمان کے مطابق بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں سمیت 85 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور کویت میں علی السالم ایئر بیس پر حملے کیے گئے۔ امریکا نے یہ حملے شہید رہبراعلیٰ کی تعزیتی تقریبات سے توجہ ہٹانے کیلئے کیے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق امریکا نے حملے کرکے اسلام آباد میمورنڈم کی خلاف ورزی کی، کارروائی جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں پہلا ردعمل ہے۔
دوسری جانب ایران کے حملوں کے بعد کویت اور بحرین میں سائرن بج اُٹھے، کویتی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری حفاظتی اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، حملوں کے بعد ملک میں دفاعی نظام بحال کردیا گیا۔
قبل ازیں امریکی فوج نے رات گئے ایران میں 80 سے زائد فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق کارروائی ایران کی جانب سے بحری گزرگاہ میں تین تجارتی جہازوں پر حملوں کے جواب میں کی گئی۔ حملوں میں ایران کے جزیرہ قشم، خارگ، سیرک اور بندرعباس میں واقع فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔