اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری رہنماؤں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کے لیے بجلی 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ سستی کی جا رہی ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام خود کاروبار چلانا نہیں بلکہ سرمایہ کاری اور صنعت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق مضبوط صنعتی بنیاد کے بغیر معیشت کی ترقی ممکن نہیں، اسی لیے حکومت ایسے فیصلے کر رہی ہے جو صنعتکاروں کو سہولت دیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اب تیزی سے ترقی کی راہ پر ڈالنا ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے تاجر برادری کی آرا اور تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر بہتر معاشی حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے۔
شہباز شریف نے یقین دلایا کہ حکومت معاشی فیصلوں میں کاروباری طبقے سے مسلسل مشاورت کرے گی تاکہ پالیسیاں زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون کو ملکی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کی ہم آہنگی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نمایاں ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے اور بجلی کی قیمت میں کمی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے صنعتی شعبہ مضبوط ہوگا اور قومی معیشت کو سہارا ملے گا۔