ایرانی صدر کل پاکستان کا دورہ کریں گے : ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر کل پاکستان کا دورہ کریں گے،جس دوران وہ قیادت سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان کے مطابق مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا،دورے کے دوران صدر پزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر کی ملاقات بھی دورے کے دوران ہوگی۔

ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ ،اسپیکرقومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہو گا۔

دورے کے دوران دونوں فریق دو طرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیں گے، تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہو گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا،یہ دورہ خطے میں امن واستحکام اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ خواہش کا عکاس ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستانی ثالثی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جائے گا، دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے سابق معاہدوں پر پیشرفت اور عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ خطے کی مجموعی صورتحال،باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے