ایران امریکا مذاکرات میں شرکت کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے تسلسل میں 21 جون 2026 کو برگن اسٹاک، سوئٹزر لینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق مذاکرات میں ایران، قطر اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفود بھی شریک ہوں گے،مذاکرات 17 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعد پہلا باضابطہ رابطہ ہیں،پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان طے مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے کردار جاری رکھے گا،مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی شریک وفود سے ملاقاتیں بھی متوقع ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم کی ایران،قطر،سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے وفود سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوسکتی ہیں،ملاقاتوں میں مذاکرات اورپائیدار امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
بحران میں پاکستان کی سہولت کاری اصولی، متوازن اور تعمیری مؤقف کی مظہر ہے،ان میں امریکا ایران کے ابتدائی مذاکراتی ادوار کی میزبانی اور مسلسل سفارتی رابطے شامل ہیں، یہی پاکستانی کردار بالآخر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کا باعث بنا۔
دوسری جانب امریکا سے مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطح کا ایرانی وفدباقرقالیباف کی سربراہی میں سوئٹزر لینڈ پہنچ گیا،جبکہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی سوئٹزر لینڈ پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی اہم ترین دورے پر ایران پہنچے جہاں انہوں نے سویٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات بارے اہم ملاقاتیں کیں،محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی،جس میں نہایت اہم مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔