اسلام آباد: وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اور بعض عناصر دانستہ طور پر ایسی خبریں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بہترین انداز میں ملکی معاملات چلا رہے ہیں اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ سیاسی اختلافات کے باوجود اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کی کوشش کی ہے تاکہ قومی مسائل کا حل اتفاق رائے سے نکالا جا سکے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حالیہ عرصے میں عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے، جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مثبت ماحول میں وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق بے بنیاد بحث چھیڑنا ملک دشمن عناصر کا وطیرہ ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مصدقہ معلومات پر اعتماد کریں۔