لاہور: محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کی فزیبلٹی اور اسٹڈی کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبے کیلئے 13 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کیلئے 13 ارب 61 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب بس ڈپو پروگرام کیلئے 50 کروڑ روپے جبکہ مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے 39 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں جدید، ماحول دوست اور عوامی سہولیات پر مبنی ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔