واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں خرید سکتا، جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج ہوں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی، ٹرمپ نے کہا ایران کے ساتھ ایک منصفانہ اور اچھا معاہدہ ہوا ہے، امریکا ایران میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کررہا، ایران کے ساتھ معاہدہ دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران نے دوبارہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج ہوں گے، ہم نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کردیں، ہمارے پاس ایران پر حملہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو کوئی معاوضہ نہیں دیں گے جس طرح جوبائیڈن نے جہاز بھر کردیئے، حالیہ بحران کے دوران قطر نے معاملے کو دانشمندی سے سنبھالا، قطر نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کیا۔
اس موقع پر امیر قطر نے کہا کہ اہم تنازع کے خاتمے پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں۔
دوران گفتگو امریکی صدر نے ایک بار پھر 8 جنگیں رکوانے کا تذکرہ کیا، کہا روس اور یوکرین کے درمیان جنگ رکوانے کی کوشش کررہے ہیں، روس اور یوکرین جنگ میں ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں۔