سانحہ گل پلازہ: شہدا کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے، خصوصی ریلیف پیکیج منظور

کراچی: سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحے سے متاثرہ دکانداروں کو فوری ریلیف کے طور پر کمشنر کراچی کے ذریعے پانچ، پانچ لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں۔

سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس بلاسود قرض فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ یہ قرضہ دکانداروں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے لیے دیا جائے گا جبکہ اس رقم پر واجب الادا سود حکومت سندھ خود ادا کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہوں گے۔

یہ ذیلی کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی اور اس کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل اور مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سانحے کے متاثرین کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر کاروبار کی بحالی کے لیے دکانوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے