راولپنڈی: فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا آئندہ مہم جوئی کی کوشش پرجنگ کےاثرات انتہائی وسیع اورخطرناک ہوں گے،آئندہ جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی۔
معرکہ حق میں فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی،تقریب کےمہمانِ خصوصی فیلڈمارشل سید عاصم منیر نےخطاب میں کہا آج کا دن ہم سب کیلئے باعث افتخار ہے، معرکہ حق 2 ممالک یا افواج کے درمیان روایتی جنگ نہ تھی،درحقیقت معرکہ حق 2 نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا۔
معرکہ حق میں حق فتح یاب اور باطل ہزیمت سے دوچار ہوا، مئی 2025 کا واقعہ اچانک پیش آنے والا معرکہ نہ تھا،اس بار بھی ہندوستان اپنی فرسودہ سوچ اورخودفریبی کا شکار ہوا، بھارت خودکردہ واقعات کا الزام پاکستان پرلگا کر جنگی ہیجان پیدا کرتا رہا ہے، بھارت پاکستان پرالزام لگا کر خطے میں اپنی برتری ثابت کرناچاہتا تھا۔
فیلڈ مارشل نے کہا افواج پاکستان اورعوام پہلےکبھی طاقت سے مرغوب ہوئے نہ آئندہ ہوں گے، شہدانےفتح کی قیمت اپنےخون کی صورت میں چکائی،جانیں نچھاور کر کے پرچم کی لاج رکھنے والوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
غازیوں کو بھی سلام پیش کرتاہوں،صدر، وزیراعظم، وفاقی کابینہ، قومی، سیاسی قیادت کا بھی مشکور ہوں، پاکستان کی سیاسی قیادت نے بھی دنیا کے محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
میڈیا اور ہمارے نوجوانوں نے بھی دشمن کی چالوں کوناکام بنایا،فیلڈمارشل عاصم منیر فیلڈ مارشل نے کہا یہ معرکہ معاشرے کے تمام شعبہ جات میں بھی جیتاگیا،پوری قوم دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی دیوارثابت ہوئی،شیردل شاہینوں نے دورحاضر کی جدیدجنگ کی مثال قائم کی۔
دشمن کے جنگی طیاروں کوزمین تک محدودکردیاگیا،بحری افواج نےدشمن کوسیکڑوں میل دور روکے رکھا، شکست خوردہ دشمن کو سفیدجھنڈے لہرانے پر مجبور کردیا گیا۔
فیلڈمارشل سیدعاصم منیر نےکہا ہندوستان کوجنگ کے نتیجے میں شدیدجانی اورمالی نقصان اٹھانا پڑا ،دشمن کے 26 سے زائد عسکری اہداف کو کامیابی سےنشانہ بنایاگیا،دشمن کی ثالثی کی پیشکش کو خطے کے وسیع ترامن کی خاطرقبول کیا،امن قائم رکھنےکیلئے ہمہ وقت جنگ کیلئے تیاررہنا لازم ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے،آج پاکستان اپنی موثر،ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات Islamabad Talks کی میزبانی کر رہا ہے،پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشتگردی کی گھناونی روش کا سہارا لے رہا ہے۔
فیلڈمارشل نےکہا میں پاکستان،بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام ، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں،ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لینگے اوردہشتگردی کےخلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
فیلڈمارشل نےکہا ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، ہماری منزل وہ مقام ہےجس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا،پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید کا استعارہ ہے اور اس کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں۔
پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں،پاکستان کا مستقل انشاء اللہ بہت روشن اور تابناک ہے،جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے،پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
تقریب میں ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے،فیلڈمارشل سیدعاصم منیرنےیادگارشہداپرپھول رکھے،فاتحہ خوانی کی،ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے یادگار شہدا پر پھول رکھے،نیول چیف ایڈمرل نویداشرف نےبھی یادگار شہدا پر پھول رکھے۔