ڈھاکہ: پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلادیشی بلے بازوں نے اپنی جم کر بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
میرپور ڈھاکا میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو ابتدائی 2 وکٹیں 31 رنز پر گر گئیں۔
محمود الحسن جوئے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مومن الحق نے کپتان نجم الحسن شنتو کے ہمراہ تیسری وکٹ پر 170 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکال دیا۔
نجم الحسن شنتو 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مومن الحق (91)نے مشفق الرحیم کے ہمراہ چوتھی وکٹ پر 75 رنز کی مزید شراکت قائم کی۔
کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنالیے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، شاہین آفریدی، محمد عباس اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی سربراہی نجم الحسن شانتو کے سپرد ہے۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویس اور عبداللہ فضل پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ شائقینِ کرکٹ کی نظریں دونوں نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر جمی ہوئی ہیں۔
شان مسعود، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، حسن علی، محمد عباس، اذان اویس اور عبداللہ فضل ٹیم کا حصہ ہیں۔
بنگلہ دیش اسکواڈ میں محمود الحسن جوئے، شادمان اسلام، مومن الحق، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن مرزا، تیج الاسلام، تسکین احمد، عبادت حسین، اور ناہید رانا۔
کپتان شان مسعود نے ڈھاکا میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کا فاسٹ باؤلنگ اٹیک بہترین ہے امید ہے ان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔