لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی اہم ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ویمن ٹی 20 لیگ شروع کرنے کی بہت ضرورت ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے باہر جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے، اس سے ویمن کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے، آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے رینکنگ پوائنٹس ملیں گے جبکہ ٹی20 سیریز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سخت گروپ کا نہیں سوچنا چاہیے، بس اپنے اوپر یقین ہونا چاہیے، ٹی 20 ایسا فارمیٹ ہے کہ اس میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔