امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے

اسلام آباد : امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے ، امریکی وفد کی قیادت مریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر باقر قالیباف کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا ہے جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان پہنچ رہے ہیں جبکہ ایرانی مذاکراتی وفد اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا ہے۔

نائب صدر جے ڈی وینس کے ہمراہ نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے جبکہ توقع ہے کہ ان مذاکرات میں چین، روس اور خلیجی ممالک بطور مبصر شرکت کریں گے۔

پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ہونے والے ان مذاکرات کا مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مذاکرات کی تیاریوں اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور ریڈ زون کو غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ میں انتظامات کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔گذشتہ روز حکومتِ پاکستان نے شرکاء اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے خصوصی سفری سہولیات کا اعلان کیا تھا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق تمام وفود اور صحافیوں کو پاکستان پہنچنے پر ویزہ جاری کیا جائے گا۔

تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی رہنمائی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں اور ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو بغیر ویزہ بورڈنگ کی اجازت دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے