اسلام آباد: ایف بی آر نے پاکستان میں سوشل میڈیا مواد سے آمدنی حاصل کرنے والے رہائشی افراد کے لیے ایک نیا ٹیکس طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔
یہ ان افراد پر لاگو ہوگا جو یوٹیوب اور دیگر مونیٹائزڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آمدنی حاصل کرتے ہیں۔مسودہ قواعد کے تحت قابلِ ٹیکس آمدنی کا حساب اس طرح لگایا جائے گا کہ سوشل میڈیا مواد سے حاصل ہونے والی کل معاوضہ میں سے قابلِ اجازت اخراجات منہا کیے جائیں گے، جو کل آمدنی کا زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک ہوں گے۔
کل معاوضہ اس رقم کو تصور کیا جائے گا جو زیادہ ہو: یا تو اصل حاصل شدہ آمدنی، یا وہ آمدنی جو فی 1,000 ویوز آمدنی (RPM)، اوسط ویوز، اور کل پوسٹس کی تعداد کی بنیاد پر حساب کی جائے۔
اس مقصد کے لیے RPM کو 195 پاکستانی روپے فی 1,000 ویوز مقرر کیا گیا ہے۔ان قواعد کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 147 کے تحت سہ ماہی پیشگی ٹیکس کی ادائیگی بھی لازمی ہوگی۔
سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدنی کو سالانہ ٹیکس ریٹرن میں الگ سے ظاہر کرنا ہوگا، اور اگر ظاہر کردہ آمدنی مقررہ فارمولے سے کم ہوئی تو ٹیکس حکام ریٹرن میں ترمیم کر کے اضافی ٹیکس وصول کر سکتے ہیں۔